Wed. May 18th, 2022

لاہور: لاہور کے مصروف اور قدیم بازار انار کلی میں خوفناک بم دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 9 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

 صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مشہور انار کلی بازار میں دھماکا ہوا ہے، دھماکا اس قدر خوفناک تھا کہ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا، دھماکے کے فوری بعد کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں نو سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوئے ہیں، زخمی بچہ کراچی سے لاہور اپنے رشتے داروں کے یہاں آیا تھا، دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوئے جنہیں امدادی ٹیموں نے ریسکیو کرتے ہوئے میو اسپتال منتقل کردیا ہے۔

ایم ایس میو اسپتال نے بتایا کہ 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، بڑی تعداد میں زخمیوں کے پیش نظر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور اضافی طبی عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے تمام غیر متعلقہ افراد کو متاثرہ جگہ سے دور ہٹادیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی موقع پر پہنچ کرتحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا دورہ میو اسپتال

انار کلی بازار میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد میو اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد نے انار کلی بازار میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بارودی مواد کو موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

انار کلی بازار میں ہونے والے دھماکے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حکم دیا کہ واقعےکی تحقیقات کرکے جامع رپورٹ پیش کی جائے اور دھماکے میں زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *