حکومت پاکستان کی جانب سے یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی کیلئےاقدامات جاری ہیں، پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے232 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔
پی آئی اے کا خصوصی طیارہ حکومت پاکستان کی ہدایات پر گزشتہ روز صبح پاکستان سے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا بھیجا گیا تھا۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 7788نے رات 12بجے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر لینڈ کیا، وطن واپس پہنچنے پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، اس موقع پر پی آئی اے اور وزارت خارجہ کی حکام بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔
وطن واپسی کی خوشی میں بہت سے مسافر آبدیدہ ہوکر پاک سرزمین پر سجدہ ریز ہوگئے، اس موقع پر مسافروں نے پاکستان زندہ باد اور پی آئی اے پائندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پی آئی اے عبدللہ خان نےایگل نیوز کے نمائندے کو بتایا تھاکہ طیارہ وزارت خارجہ کی اجازت پر روانہ کیا گیا ہے، حکومت پاکستان کی ہدایات پر مزید پروازیں بھی آپریٹ کی جائیں گی۔